چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی پاپولیشن کونسل کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا اے ستار سے ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی  ایس پی )، سینیٹر روبینہ خالد نے پاپولیشن کونسل کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا اے ستار سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی اور پاپولیش کونسل کے مشترکہ تعاون سے بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے     خواتین کی  تولیدی صحت، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ  اور نوزائیدہ بچوں  کی بہتر نشوونما کے اقدامات  پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی بچوں میں غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت حاملہ، دودھ پلانے والی ماں اور ان کے 2 سال سے کم عمر بچوں  کو  غذائیت سے بھرپور خوراک اور مشروط مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند بچوں کی پیدائش کو یقینی بنانے کے لیے ماں کا   صحت مند ہونا بہت ضروری ہے۔دونوں  فریقین کی جانب سے  خواتین  کی تولیدی صحت ، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کو  بہتر بنانے سے متعلق اقدامات کے لیے صوبائی سطح پر محکمہ صحت کے اعلی  حکام سے مشاورت کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ مزید برآں، بینظیر  نشوونما مراکز کے قریب پاپولیشن کونسل ڈیسک قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جہاں  خواتین کو اس حوالے سے  ضروری آگاہی اور رہنمائی حاصل ہوسکے۔