اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی ریٹائرمنٹ کے آخری دن تک کیسز کی سماعت کریں گے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی 65سالہ آئینی مدت مکمل کرنے پر 25اکتوبر2024کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی ریٹائرمنٹ کے آخری ہفتے کے دوران بھی اہم کیسز کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 3رکنی خصوصی بینچ 21اکتوبر بروزسومواردن ساڑھے 11بجے پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کے حوالہ سے دائر نظرثانی درخواست پر سماعت کرے گا۔ گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان ایڈووکیٹ لاہور میں خاندانی مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے تھے اوران کی جانب سے التواکی درخواست دائر کی گئی تھی۔ چیف جسٹس نے سماعت 21اکتوبرتک ملتوی کرتے ہوئے قراردیا تھا کہ ہم التواکی درخواست منظور نہیں کررہے تاہم انصاف کے تقاضوں کوپوراکرنے کے لئے ایک موقع دے رہے ہیں اور مزید التواکی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔
جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ پر 25اکتوبربروزجمعہ دن ساڑھے 10بجے فل کورٹ ریفرنس کاانعقاد کیا جائے گا۔فل کورٹ ریفرنس سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 1میں منعقد کیا جائے گا۔ فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج،، اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصورعثمان اعوان، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سینیٹر فاروق حمید نائیک اور سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر بیرسٹر محمد شہزادشوکت خطاب کریں گے۔ جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 3رکنی بینچ 21اکتوبربروز سوومار سے 25اکتوبر بروز جمعہ تک اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر نظرثانی اپیلیں بھی شامل ہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ پورے ہفتے کل 24کیسز کی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی ریٹائرمنٹ کے آخری روز 4کیسز کی سماعت کریں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بطور چیف جسٹس آف پاکستان آخری کیس عبدالحمید بنام محمد امین سنیں گے۔ کیس زمین کی ملکیت اورقبضہ سے متعلق ہے۔درخواست گزارکی جانب سے راجہ رضوان شبیربطور وکیل پیش ہوں گے۔