مظفرآباد(صباح نیوز) جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر 77ویں یوم تاسیس کو بھرپورانداز میں منانے اور مختلف تقریبات کے انعقاد کیلئے اجلاس، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، سیکرٹری کشمیرکازوجاہت رشید بیک،رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی،،ڈائریکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر محمد بشارت،ڈائریکٹر جہلم ویلی کیمپس ڈاکٹر امتیاز احمد اعوان،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شرجیل سعید،ڈائریکٹر کشمیر کلچرل اکیڈمی فیضان عارف مغل، ایڈیشنل رجسٹرار سردار ظفر اقبال شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ قومی تقریبات کمیٹی کے پروگرامز کے تناظر میں جامعہ کشمیر اور کشمیر کلچرل اکیڈمی،محکمہ سیاحت اور ٹیوٹاکے باہمی تعاون سے مورخہ 23اکتوبر کو کنگ عبد اللہ کیمپس میں ایک خوبصورت تقریب بعنوان شام ثقافت کشمیر منعقد ہوگی جس میں وزرا حکومت،سیاسی وسماجی افراد کے علاوہ حکومتی عہدیداران، زعما، سول سوسائٹی،وکلا،تاجربرادری سمیت جامعہ کشمیر کے فیکلٹی ممبران،آفیسران،طلبہ اور ملازمین شرکت کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ 24اکتوبر دراصل تجدید عہد کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس منانے کا مقصد آزادخطے کے قیام کے لیے اسلاف کی پیش کردہ بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے اسکے علاو ہ نوجوانوں کویہ پیغام بھی دیا جائے گاکہ جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے مکمل آزادنہیں ہوجاتا،آزادریاست تحریک آزادی کشمیر کے لیے بیس کیمپ کا موثر کردارادا کرتی رہے گی۔وائس چا نسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے تمام سربراہان شعبہ جات اور انتظامی آفیسران کو ہدایت کی وہ 23اکتوبر کو شام ثقافت کشمیر پروگرام کے علاوہ یوم تاسیس کے حوالہ سے منعقدہ تمام تقریبات میں میں اپنی بھرپورشرکت کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں یوم تاسیس کی مناسبت سے وائس چانسلر کی ہدایت پر جامعہ کشمیر کے تدریسی شعبہ جات میں بھی رنگارنگ پروگرامز،سیمینارز،تقریری مقابلوں اور مذاکروں کا سلسلہ بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔