ایس سی او اجلاس: پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی غیرمعمولی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی غیرمعمولی ملاقات ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی ملاقات ظہرانے پر ہوئی، ظہرانے کے موقع پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار اوربھارتی وزیرخارجہ جے شنکرایک ساتھ بیٹھے۔

اس موقع پر بات چیت بھی ہوئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی درخواست پر دونوں وزرائے خارجہ کو اکٹھے بٹھایا گیا۔اور وزارت خارجہ نے دونوں وزرائے خارجہ کواکٹھا بٹھانے کیلئے سٹنگ اریجمنٹ تبدیل کیا۔ذرائع نے بتایاکہ بھارتی وزیرخارجہ اورپاکستان کے وزیرخارجہ کے درمیان گفتگوکو فی الحال افشا نہیں کیا جارہا۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر ایس سی او اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہوگئے ہیں۔جے شنکر نے مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا،

اپنے ملک روانگی سے قبل انہوں نے کہاکہ میں اسلام آباد سے روانہ ہورہا ہوں، ایس سی او اجلاس میں شاندار میزبانی پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔جے شنکر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر گزشتہ روز ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔