سپیکرقومی اسمبلی کی چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت


اسلام آباد (صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کراچی میں چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دو چینی شہریوں کے جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔پیر کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نیمتاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں چینی شہریوں کے جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس ہوا،دشمن کے ناپاک عزائم پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کر سکتے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دشمن ملک میں بد امنی پھیلانے کی گھنانی شازش میں مصروف ہے،قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ میں ملوث شر پسند عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ سپیکر نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنیکی ہدایت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کی مضموم کارروائیاں پاک چائنہ دوستی کو غیر متزلزل نہیں کر سکتی،پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔