ڈاکٹر ذاکر نائک کے دورہ پاکستان پر بھارتی حکومت کی مایوسی، ایکس اکاؤنٹ معطل

 نئی دہلی (صباح نیوز)  اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کے دورہ پاکستان پر بھارتی حکومت نے  مایوسی کا اظہار کیا ہے جبکہ بھارت میں ڈاکٹر ذاکر نائک کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکانٹ معطل کر دیا گیا ہے  بھارتی حکومت ان کے ادارے اسلامک ریسرچ فاونڈیشن اور پیس ٹی وی دونوں ہی پر پابندی عائد ہے۔۔بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت نے ڈاکٹر ذاکر نائک کے پاکستان میں ہونے اور ان کے پر جوش خیر مقدم کی رپورٹس دیکھی ہیں۔ یہ افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے تاہم ان کے بقول یہ حیرت انگیز نہیں ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے بیان کے فورا بعد بھارت میں ڈاکٹر ذاکر نائک کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکانٹ معطل کر دیا گیا۔ان کے اکانٹ پر وزٹ کرنے پر وہاں لکھا ہے کہ قانونی مطالبات کی وجہ سے بھارت میں ذاکر نائک کا اکانٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے وی او اے کے مطابق ذاکر نائک نے بھارتی حکومت کے وقف ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی۔انھوں نے ستمبر میں اپنے ایکس اکاونٹ پر لکھا تھا کہ یہ بل خطرناک ہے۔

انھوں نے کہا تھا کہ اگر یہ بل منظور ہو گیا تو ہزاروں مساجد، مدارس، قبرستان اور لاکھوں ایکڑ زمین مسلمانوں سے چھین لی جائیں گی۔انھوں نے بھارتی مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اس کے خلاف جاری احتجاج میں حصہ لیں۔ڈاکٹر ذاکر نائک حکومتِ پاکستان کی دعوت پر ایک ماہ کے دورے پر منگل کو پاکستان پہنچے ہیں جب کہ انھوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ان کا 1992 کے بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جہاں ان کے متعدد پروگرامز طے ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں عالمی سطح پر اسلام کے فروغ کے لیے قرآن کی تعلیمات کی ترویج کے سلسلے میں ان کی کوششوں کو سراہا تھا۔ذاکر نائک مختلف الزامات میں بھارت میں مطلوب ہیں۔ وہ 2016 سے مستقل طور پر ملائیشیا میں مقیم ہیں۔

بھارت کی سیکیورٹی ایجنسیوں  کا ان پر نفرت انگیز تقریروں کے ذریعے انتہاپسندی پھیلانے کا الزام ہے۔سیکیورٹی ایجنسیوں اور بالخصوص نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے 2016 میں ان کے خلاف کیس قائم کیے جانے کے بعد وہ ملائیشیا منتقل ہوئے۔۔این آئی اے نے دہشت گردی کے انسداد کے انتہائی سخت قانون یو اے پی اے اور تعزیراتِ ہند کی متعدد دفعات کے تحت ان کے خلاف عدالت میں فردِ جرم داخل کی ہے۔ان کے خلاف منی لانڈرنگ قوانین کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔ بھارت نے ان کے ادارے اسلامک ریسرچ فاونڈیشن (آئی آر ایف) اور ان کے ٹیلی ویژن چینل پیس ٹی وی پر پابندی عائد کر دی تھی۔رپورٹس کے مطابق پیس ٹی وی کے ناظرین کی تعداد لاکھوں میں تھی۔

پیس ٹی وی کے پروگراموں میں خطاب کرنے والے مقررین کا جن کی اکثریت علما پر مشتمل تھی، کہنا ہے کہ وہ صرف قرآن اور حدیث کی روشنی میں اسلام کی تبلیغ کرتے تھے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق ملائیشیا کے سامنے ذاکر نائک کی حوالگی کی درخواست زیرِ التوا ہے اور وہ اس پر کام کر رہے ہیں۔ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم جب گزشتہ سال بھارت کے دورے پر آئے تھے تو انھوں نے کہا تھا کہ ان کے سامنے ان کا مسئلہ نہیں اٹھایا گیا۔ بہت پہلے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یہ معاملہ اٹھایا تھا۔لیکن ذاکر نائک کی حوالگی کے لیے کوئی ٹھوس ثبوت بھی تو پیش کیے جانے چاہیئں۔ اگر ان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو پیش کیا جائے۔انور ابراہیم جب رواں سال اگست میں بھارت کے دورے پر آئے تو انھوں نے کہا کہ جب تک متنازع مبلغ ان کے ملک میں کوئی دشواری پیدا نہیں کرتے وہ انھیں بھارت کے حوالے نہیں کریں گے۔

انھوں نے نئی دہلی کے نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے  کے یو ٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بھارت کی تشویش سمجھتے ہیں۔ لیکن جب تک ذاکر نائک بھارت اور ملائیشیا کے درمیان اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے لیے کوئی مسئلہ نہیں پیدا کرتے، ہم اس معاملے پر کچھ نہیں کریں گے۔سینئر تجزیہ کار وویک شکلا کے خیال میں پاکستانی حکومت کی جانب سے ذاکر نائک کو مدعو کرنا مناسب فیصلہ نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے بھارت سے اس کے رشتوں میں اور تلخی پیدا ہو جائے گی۔وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ذاکر نائک کے خلاف سنگین الزامات ہیں، وہ بھارت میں مطلوب ہیں۔ وہ یہاں کے قانون کی گرفت سے بھاگے ہوئے ہیں۔ ایسے شخص کو سرکاری طور پر مدعو کرنے سے قبل پاکستان کو سوچنا چاہیے تھا۔ذاکر نائک اکتوبر 1965 میں ممبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے خاندان میں بہت سے لوگ ڈاکٹر ہیں۔ ان کے والد بھی ڈاکٹر تھے۔

انھوں نے ممبئی کے ایک کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری لی۔ وہ ایک تربیت یافتہ ڈاکٹر ہیں۔ 1980 میں ساتھ افریقہ کے مبلغ احمد دیدات کے ایک پروگرام میں شرکت کے بعد انھوں نے اسلام کی تبلیغ شروع کی۔اردو اور عربی میں تبلیغ کرنے والے بیش تر مبلغین کے برخلاف وہ انگریزی میں لیکچر دیتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا حلقہ وسیع ہو گیا۔انھوں نے 1991 میں ممبئی میں اسلامک ریسرچ فاونڈیشن (آئی آر ایف) نامی ادارے کی بنیاد ڈالی۔ انھوں نے وہیں سے پیس ٹی وی بھی شروع کیا۔اب اسلامک ریسرچ فاونڈیشن اور پیس ٹی وی دونوں ہی پر پابندی عائد ہے۔