اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لئے کل 9بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔ تشکیل دیئے گئے بینچز میں جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں ایک 5رکنی لارجر بینچ، 5تین رکنی بینچزاور3دورکنی بینچز شامل ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی اور سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصورعلی شاہ کے بینچزآئندہ ہفتے روزانہ 5،5کیسز کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 3رکنی بینچ سوموار 7اکتوبرسے11اکتوبرجمعہ کے روز تک اہم کیسز کی سماعت کرے گا جن میںڈیم فنڈاور مونال ریسٹورانٹ کے مالک لقمان علی افضل کے خلاف توہین عدالت کیسز بھی شامل ہیں۔ سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 3رکنی بینچ سوموار7اکتوبرسے جمعہ 11اکتوبر تک اہم کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پرمشتمل 2رکنی بینچ سوموار7اکتوبرسے 11اکتوبرجمعہ کے روز تک اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس سید حسن اظہررضوی اورجسٹس شاہد وحید پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ جمعرات 10اکتوبرکودن12بجے کمشنر ان لینڈ ریونیو (لیگل)، ایل ٹی یو، اسلام آباد اور کمشنر ان لینڈ ریونیو(لیگل)آرٹی او، راولپنڈی اوردیگر کی جانب سے ایم ایس سنٹرونکس (لمیٹڈ)، خیبرپختونخوا، خادم حسین اوردیگر کے خلاف سیلز ٹیکس کے نفاذ کے معاملہ پر دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
جسٹس یحیی خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اورجسٹس شاہد وحید پر مشتمل 3رکنی بینچ سوموار 7اکتوبر سے 10اکتوبربروز جمعرات تک اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہراورجسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل 3رکنی بینچ سوموار 7اکتوبر سے جمعہ 11اکتوبر تک اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی اورجسٹس ملک شہزاداحمد خان پر مشتمل 3رکنی بینچ سوموار 7اکتوبر سے11اکتوبربروز جمعہ تک فوجداری اور دیوانی مقدمات کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سید حسن اظہررضوی کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید پر مشتمل 2رکنی بینچ جمعہ 11اکتوبرکوکیسز کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج سردارطارق مسعود کی سربراہی میں ایڈہاک جج جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل 2رکنی سوموار7اکتوبرسے 11اکتوبربروز جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔