کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے تحت اتوار6اکتوبر کو3بجے دن شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان و تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ” کی تیاریوں اور مارچ میں شہر بھر سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں جمعرات کو ادارہ نور حق میں جمعیت اتحار العلماء کراچی کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا ، جس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی نے خصوصی شرکت کی ، اجلاس کی سرپرستی مفتی علی زمان کشمیر ی جبکہ صدارت جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید نے کی ۔ اجلاس میں ملین مارچ کی تیاریو ں کا جائزہ لیا گیا ، علمائے کرام نے اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور ”الاقصیٰ ملین مارچ ” کو وقت کی اہم ضرورت قرا ر دیتے ہوئے اس اُمید اور عزم کا اظہار کیا کہ مارچ میں علماء کرام کی بڑی تعداد شریک ہوگی ۔
اجلاس میں شہر کے آئمہ مساجد و علماء کرام سے اپیل کی گئی کہ نمازِ جمعہ کے خطبات میں اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی اور”الاقصیٰ ملین مارچ ” کے سلسلے میں عوام الناس کو آگاہی دیں اور مارچ میں شرکت کی دعوت دیں ، توفیق الدین صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کو بھر پور اورکامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، علمائے کرام اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 7اکتوبر کو ملک بھر میں 12بجے دن سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا ۔ علمائے کرام سمیت تمام طبقات سے وابستہ افراد اور عوام 7اکتوبر کو جو جہاں ہوں وہیں نکلیں اور احتجاج کریں ۔اجلاس میں گزشتہ دنوں چین کے سرکاری دورے پر جانے والے پاکستان کے علمائے کرام کے وفد میں جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید کی شمولیت کو سراہا گیا اور ان کی کوششوں و کاوشوں کی تحسین کی گئی ۔ اجلاس میں شریک تمام ذمہ داران نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں اور ماہ ِ ربیع الاوّل کے حوالے سے کیے گئے پروگرامات کی تفصیلات بھی بیان کیں ۔#