حکومت پنجاب نے لاہور میں 6 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی


لاہور (صباح نیوز)حکومت پنجاب نے لاہور میں 6 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی ، صوبائی محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، اس پابندی کا اطلاق 8 اکتوبر تک ہو گا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ، سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے ، عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ۔