تہران (صباح نیوز)ایران نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہرجارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا ، ہمارا اگلا ردعمل مختلف نوعیت کا ہوگا، جو دشمنوں کو حیران کر دے گا۔ ایران کی مجلس شوریٰ کے رئیس محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران صیہونی ریاست کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔قالیباف نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ایران کی مسلح افواج نے دشمنوں کے لئے ایک حیران کن اور غیر متوقع منصوبہ تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا ردعمل مختلف نوعیت کا ہوگا، جو دشمنوں کو حیران کر دے گا۔انہوں نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے ایران پر حملہ کرنے کی جرات کی تو وہ تباہی کی جانب گامزن ہو جائے گا اور صفحہ ہستی سے مٹنے کی راہ پر چل پڑے گا۔قالیباف نے غزہ اور لبنان میں موجود مزاحمتی قوتوں کے مجاہدین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، یہاں تک کہ بیت المقدس کی مکمل آزادی حاصل کر لی جائے۔ “ہم شہدا کے راستے پر اپنا سفر جاری رکھیں گے اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،” انہوں نے اپنے خطاب میں ایران کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارے شہدا زندہ ہیں، کیونکہ مزاحمت زندہ ہے۔”ذرائع: المیادین