وزیرداخلہ محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان،مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  سے ملاقات کی۔سینیٹرمحسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان اور مولانا عبدالغفور حیدری کو جے یو آئی کا بلامقابلہ امیر اور سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور گلدستے پیش کئے۔  جے یو آئی کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جاری بیان کے مطابق  وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تحسین ہے۔  مولانا فضل الرحمان زیرک، مدبر،اور دور اندیش سیاسی رہنما ہیں، ان کی قیادت میں جے یو آئی نے اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے،مولانا فضل الرحمان کی اپنی جماعت اور پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان سینئر ترین سیاستدان ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا بلند مقام ہے۔