اسلام آباد(صباح نیوز) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام معروف چیف اکنامسٹ اقتصادی مؤرخ ڈاکٹر پرویز طاہر کی پہلی برسی کے موقع پر ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ SDTV کے سربراہ طاہرڈھنڈسا نے تقریب کی نظامت کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر پرویز طاہر ملک کے سیکولر معیشت دان تھے جنہوں نے ہمیشہ سرمایہ دارانہ اور اشتراکی معیشت کے نظریات کے درمیان توازن رکھا۔پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ڈاکٹر پرویز طاہر کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے SDPI کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ڈاکٹر پرویز طاہر کی یاد کو زندہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک قومی اثاثہ تھے، اور ہمیں ان کی موت کا سوگ منانے کی بجائے ان کی زندگی کا جشن منانا چاہئے کیونکہ انکی خدمات کتب خانوں اور ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہینگی۔فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو ان کے مضامین اور کالمز کا خاص طور پر مطالعہ کرتی تھیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ ڈاکٹر پرویز طاہر کی سب سے بڑی خصوصیت حق گوئی تھی جس کا انہوں نے ہمیشہ مظاہرہ کیا ۔
ایس ڈی پی آئی کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شفقت منیر نے بھی ڈاکٹر پرویز طاہر کو ایک عظیم شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے مضامین اور کالمز کی کتاب کی تیاری کیلئے ایس ڈی پی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پرڈاکٹر پرویز طاہر کی بیوہ ڈاکٹر نادیہ طاہر نے SDPI کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرویز طاہر کے علمی کام اور نظریات کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ کرنا ضروری ہے۔مشہور انسانی حقوق کارکن اور ترقیاتی ماہر طاہرہ عبداللہ نے کہا کہ پرویز طاہر ہمیشہ حق کیلئے آواز اٹھاتے رہے اور اس کیلئے انہوں نے کبھی اپنی ملازمت یا مراعات کی پرواہ نہیں کی۔