پاکستانی معیشت کو مستحکم بنانے میں چین کا تاریخی کردار ناقابل فراموش ہے،محسن نقوی


لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کو مستحکم بنانے میں چین کا تاریخی کردار ناقابل فراموش ہے، چین کی تیز رفتار ترقی سب کیلئے رول ماڈل ہے۔

وزیر داخلہ نے چینی قونصل جنرل ژاؤشیرین سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے چین کے یوم تاسیس پر چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں، چین پاکستان کا سب سے بااعتماد اور مخلص دوست ہے، چین کی تیز رفتار ترقی سب کیلئے رول ماڈل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے میں چین کا تاریخی کردار ناقابل فراموش ہے، پاکستان کو چین کے ساتھ لازوال دوستی پر ناز ہے، سی پیک نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے، پاک چین دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔

چینی قونصل جنرل نے چینی بزنس مینوں کی درخواست پر وزارت داخلہ کی جانب سے کی گئی بعض ترامیم پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ہمارا بہترین دوست ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون جاری و ساری رہے گا۔چین کے قونصلیٹ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔