کراچی کی تعمیر و ترقی و شہر کو سرسبز و شاداب بنانے میں اصل رکاوٹ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ہے، منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب ،وائس ٹاؤن چیئرمین اسحاق تیموری کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر 2 شریف آباد میں سراج الدولہ اربن فاریسٹ کا افتتاح کردیا۔

بعدازاں منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کراچی کی تعمیر و ترقی اورشہر کو سرسبز وشاداب بنانے میں اصل روکاوٹ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ، وزیر بلدیات اور قابض میئر ہیں، پیپلزپارٹی نے کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کیا ہوا ہے اور آئین کے آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ، اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کواختیارات اور فنڈز منتقل کیے گئے ، 14سال قبل این ایف سی ایوارڈ میں صوبہ سندھ کو 78بلین روپے ملا کرتے تھے اور آج 1800بلین روپے ملتے ہیں اس کے باوجود سندھ حکومت پی ایف سی جاری نہیں کرتی اور کراچی کو اس کا جائز اور قانونی حق نہیں دیتی ،کچرا اٹھانے کی ذمہ داری سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پانی و سیوریج کا نظام ، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ذمے ہے دونوں ادارے سندھ حکومت کے ماتحت ہیںاور سڑکیں بنانے کی ذمہ داری بھی سندھ حکومت کے پاس ہے ، ہم کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں ،مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں تا کہ ٹاؤن اور یوسی کی سطح پر کام کیا جاسکے۔

لیاقت آباد ٹاؤن کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جس کی کاوشوں سے شجرکاری شروع کی گئی ۔کچھ دن قبل تک سراج الدولہ کے سامنے کچرہ کنڈی کی جگہ کا منظر پیش کرنے والی جگہ کو آج اربن فاریسٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے اور نرسری بھی قائم کردی گئی ہے ۔ٹاؤن انتظامیہ کی کوششیں سرسبز لیاقت آباد کی جانب ایک مثبت قدم ہے ،آج کا لگایا ہوا پودا کل ایک سایہ دار درخت بن کر صدقہ جاریہ بنے گااورماحول بھی بہتر ہوگا۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت شہر میں پانی ، بجلی کا بحران ہے ،سیوریج کے مسائل ہیں، جگہ جگہ کچرا کنڈیاں بنی ہوئی ہیں ، شہر کراچی اس وقت کنکریٹ کے جنگل کا منظر پیش کررہا ہے ،بلند و بالا عمارتیں بنی ہوئی ہیں ، شہر میں درختوں کو کاٹا گیا ہے۔ 2016کی ہیٹ ویوز میں ہزاروں شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اسی طرح اس سال بھی ہیٹ ویوز کے دوران کراچی کے عوام سخت پریشان رہے ، بڑھتی ہوئی شدید گرمی کا حل یہی ہے کہ شجرکاری مہم چلائیں ، درخت لگائیں ،اپنے شہر کو سرسبز اور شاداب بنائیں۔

پیپلزپارٹی نے گزشتہ 16سال میں اندرون سندھ اور کراچی شہر کو تباہ وبربادکیا ہے ، کے ایم سی اور قابض میئر کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر کے ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں ، جماعت اسلامی کے پاس 9ٹاؤنز ہیں ،گزشتہ 10ماہ میں سو سے زائد پارکوں کا افتتاح کیا گیا ہے اور اب ہم اربن فاریسٹ بنانے کی طرف جارہے ہیں ۔فراز حسیب نے کہاکہ لیاقت آباد ٹاؤن کی تعمیر و ترقی اور سرسبز و شاداب بنانے کا سفر جاری رہے گا۔ہم لیاقت آباد کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے ،اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور مزید اختیارات حاصل کر کے عوام کو ریلیف دلوائیں گے ۔اس موقع پر میونسپل کمشنر دریا خان پتافی ، ڈائریکٹر پارکس ریحان حمدانی ،ناظم علاقہ مسعود احمد، سائنس و آرٹس کالج کے پرنسپلز عرفان احمد بقائی اور عرفان احمد ،سکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری ،ڈائریکٹر انفارمیشن لیاقت آباد ٹاؤن فہیم مصطفی و دیگر بھی موجود تھے ۔