دھرنے کے معاہدے پر عمل نہ کرکے حکومت نے وعدہ خلافی کی ،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف دھرنے کے معاہدے پر عمل نہ کرکے حکومت نے وعدہ خلافی کی ۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم کی اپیل پر29ستمبر کو سندھ میں بھی کراچی تاء کشمور احتجاج ہوگا۔ضلعی ہیڈکوارٹرز اورشاہراہوں پراحتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں پچیس کروڑ عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے۔

جماعت اسلامی انارکی نہیں چاہتی اسی لیے عوام کو منظم کرکے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔حکومت کے ظالمانہ اقدامات اورعوام کے جائز حقوق کی خاطرپرامن وآئینی جدوجہد جاری رہے گی۔قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی آمرانہ وعام دشمن فیصلوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کاطوفان،کاروبارتباہ،بجلی وگیس کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے۔صوبائی امیرنے عوام سے اپیل کی کہ وہ 29ستمبر کو حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھرپورشرکت کرکے بیداری کا ثبوت دیں۔