اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ،انفارمیشن منسٹری بیمار صحافیوں کے علاج معالجے میں بھرپور تعاون کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا، وفد کی قیادت صدر ہزارہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن لقمان شاہ کر رہے تھے ۔وفد میں سینئر جوائنٹ سیکرٹری عمر حیات خان ،جوائنٹ سیکرٹری شیراز احمد شیرازی،سیکرٹری اطلاعات ارشد تنولی،ممبر گورننگ باڈی سینئر صحافی حسین احمد چوہدری،شکیل پسوال اور جہانگیر عباسی شامل تھے ۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے ،ہماری کوشش ہے کہ صحافیوں کی مشکلات کم ہوں کیونکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں ، صحافیوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، ورکنگ جرنلسٹس کی مشکلات سے آگاہ ہیں ۔وفد نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کی جرنلسٹس پروٹیکشن بل،آئی ٹی این ای اور ہائوسنگ مسائل پر بھی توجہ دلائی جنہیں سیکرٹری اطلاعات نے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔