کراچی(صباح نیوز) اصلاحی وادبی انجمن ادارہ حریمِ ادب کراچی کے زیرِ اہتمام آرٹس کونسل کراچی میں محفل گل ہائے عقیدت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کی گئی۔ جس میں”رکھ کر نبی کو سامنے آرائش کردار کر” کے عنوان پر شہر کراچی کی متعدد معروف خواتین شعراء نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔ محفل کی مہمان خصوصی ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی جاوداں فہیم تھیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ سکھاتا ہے کہ ایسا معاشرہ تشکیل دیا جائے جو انصاف پر مبنی ہو۔ اگر اس بات کو یہاں بہت درد دل کے ساتھ بیان کریں تو اس وقت پوری دنیا میں کوئی ایسی چھوٹی سے چھوٹی زمین بھی موجود نہیں ہے جسے ہم کہہ سکیں کہ وہاں نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا دین غالب ہے۔ پاکستان کاقیام لا الہ الااللہ کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے۔ اس مملکت خدا داد میں اس کلمہ کو نظام زندگی نہیں بنایا جا سکا۔ایک اسلامی فلاحی ریاست کیلئیعوام الناس کا ہمارا ساتھ دینا چاہیے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ اس مہم میں آپ ہمارے ساتھی بنیں۔آپ جماعت اسلامی کی طاقت بنیں تاکہ اس معاشرے کو بد حالی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے محبت کا تقاضا ہے کہ معاشرے اور نظام کو اسوہ رسول کے تابع کرنے کی جدوجہد جاری رکھی جائے ۔ جس معاشرے کی تصویر ہمیں نبی کریم ص کے دور اور ان کیسیرت و کردار میں ملتی ہے۔ صدر حریمِ ادب پاکستان عالیہ شمیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم کی سیرت طیبہ کا حاصل سبق یہی ہے کہ ہمیں ان سے عقیدت تو ہے لیکن محبت بھی کی جائے اور اصل محبت دراصل اتباع ہے۔ ہمیں اپنی زندگیوں کو سیرت النبی کے سانچے میں ڈھالنا ہے یہی اصل مقصود انسانیت ہے کہ قرآن و سنت نبوی کی روشنی سے ہم اپنی زندگی کے تمام گوشوں کو منور کریں۔ اس موقع پر مہمانان گرامی میں ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ،جنگ کے سینئر مدیر محمود شام کی اہلیہ، پاکیزہ ڈائجسٹ و کئی رسائل کی مدیرہ عذرا رسول، سینئر شاعرہ وضاحت نسیم، زینت لاکھانی، اینکر پرسن ثناء غوری، لائر اور صدارتی ایوارڈ یافتہ سعدیہ شوکت،پروفیسر عطیہ حسن عابدی و دیگر نعت خواں خواتین شریک تھیں۔