منعم ظفر خان نے اہلیان گلشن شمیم کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا


کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے الخدمت کے تحت اہلیان گلشن شمیم فیڈرل بی ایریا علاقہ مکینوں کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی گلبرگ کے سکریٹری کامران سراج ،الخدمت واش پروگرام کے ڈائریکٹر سید گوہر اسلام ،نائب امیر ضلع وسطی گلبرگ سید احمد ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سینیئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

منعم ظفر خان نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت و ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کو تعلیم اور صحت کے شعبے میں سہولیات فراہم کرے۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہریوں کے جائز مطالبات پورے کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ شہریوں کو نلکوں میں پانی فراہم کرنے کی ذمہ داری قابض مئیر مرتضی وہاب کی ہے۔ماضی میں جماعت اسلامی کے عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے شہریوں کے لیے پانی کا کے ٹو اور کے تھری منصوبہ مکمل کیا۔نعمت اللہ خان نے کے تھری منصوبہ مکمل کرنے کے بعد کے فورمنصوبہ پیش کیا جو آج تک مکمل نہیں ہوسکا۔ شہریوں کو پانی فراہم کرنا ٹاؤن و یوسی چئیرمینز کی ذمہ داری نہیں بلکہ قابض مئیر کی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن میں سیوریج کے مسائل بھی جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین نے حل کروائے جس کہ ذمہ داری واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ہے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ آج الخدمت کے تحت اہلیان گلشن شمیم کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا تحفہ دیا گیا ہے۔ یہ الخدمت کے تحت کراچی میں 66واں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ الخدمت کے تحت شہر بھر میں ریلیف کے پروگرام کیے جارہے ہیں۔ الخدمت کے تحت شعبہ تعلیم ، شعبہ صحت ودیگر شعبہ جات میں اپنی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ حکومت و ریاست عوام کو ریلیف دے۔ فیومیگیشنڈرائیو کاکام بھی الخدمت کے تحت کراچی کے تمام ٹاؤنز میں کروایا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سال سے سندھ اور اب قبضہ مئیر کی صورت میں کراچی پر قابض ہے۔ کورونا کی صورتحال میں بھی الخدمت نے کراچی سمیت پورے ملک میں لوگوں کی خدمت کے فرائض انجام دیے۔ الخدمت اپنے شعبہ آرفن کئیر کے تحت ہزاروں یتیم بچوں کی سرپرستی کررہی ہے۔کراچی میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ہے۔ الخدمت کے تحت اپنی استطاعت کے مطابق شہر بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔ شہر بھر میں بورنگ کرکے شہریوں کو پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ الخدمت کے تحت شعبہ تعلیم میں بنوقابل پروگرام شروع کیا ہوا ہے جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرکے اپنا روزگار کما رہے ہیں۔سید گوہر اسلام نے کہاکہ جماعت اسلامی کراچی اور الخدمت کراچی کے تحت واش پروگرام کو آگے کی طرف بڑھا رہی ہے۔ الخدمت کا واش شعبہ کراچی میں پھیل رہا ہے۔ ہمارا آئندہ کا ہدف پبلک ٹوائلٹ بنانے کا ہے۔ الخدمت کے تحت کراچی میں 65واٹر فلٹریشن پلانٹ موجود ہیں۔ الخدمت کے تحت شہر میں جہاں جہاں پانی موجود نہیں وہاں بورنگ بھی کروائی جاتی ہے۔ 150 سے زائد بورنگ کرواکے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے۔ الخدمت واٹر فلٹریشن پلانٹ میں 1.5 روپے فی لیٹر سستا اور معیاری پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ الخدمت کے تحت شہر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے ہیں۔#