لاہور (صباح نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو فتنہ فساد نہیںبلکہ امن کی ضرورت ہے۔ عالمی یوم امن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ امن بہت بڑی نعمت ہے، بدامنی زوال لاتی ہے۔ پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے پائیدار امن ناگزیر ہے۔امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ قیام امن کیلئے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں خوشیاں ہر سو پھیلتی ہیں۔ قیام امن کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کے امن و استحکام کے دشمن ہیں ۔اختلاف رائے کی آڑ میں امن کو سبوتاژ کرنا قابل مذمت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ خدا کرے پاکستان میں ہر سو، ہر دم امن اورخوشحالی ہو۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھرمیں امن ہم سب کا خواب ہے۔ امن کے علمبردار قابل تحسین ہیں جوعالمی تنازعات کے پائیدارحل کے لئے انتھک کاوشیں کررہے ہیں