کراچی،سکرنڈ (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کا مقصد طاقتوروں کا قبضہ مضبوط کرنا ہے،مخصوص نشستوں کے حوالے سے حکومت کے فیصلہ نے پارلیمنٹ کو ربڑ سٹیمپ بنادیا ہے،جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ،قانون کی حکمرانی،پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے لوگوں کو دن دیہاڑے اغوا کر لیا جاتا ہے، حکومت قیام امن میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکرنڈ میں ضلع بینظیر آباد کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام ضلعی امیر کنور راشد مکرم، نائب امیر سردار احمد آرائیں، جنرل سیکرٹری طارق جاوید اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ اجلاس میں دیگر دوعوتی و سیاسی امور کے علاوہ ممبر سازی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شریک مقامات سکرنڈ، نواب شاہ، باندھی قاضی احمد کے ذمہ داران نے ابتک کی رفتار کار سے اگاہی دی۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر اور قیادت نے جس جرات مندی سے عوامی مسائل بالخصوص مہنگی بجلی اور اشیاء صرف کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کو اجاگر کیا ہے اس سے کروڑوں لوگ جماعت اسلامی کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ قیادت اور کارکنان ہر فرد تک پہنچیں اس کے لئے کیمپوں کا انعقاد اور سوشل میڈیا سمیت تمام ذرائع استعمال کئے جائیں۔