آئینی ترامیم کے ذریعے آئین کا ڈھانچہ ہی تبدیل کیا جارہاہے ،محمد حسین محنتی

کراچی( صباح نیوز)  امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ آئینی ترامیم کے ذریعے 73کے آئین کا ڈھانچہ ہی تبدیل کیا جارہاہے جودستورجمہوریت اورخودپارلیمنٹ کے ساتھ مذاق ہے۔دینی مدارس اسلام کے قلعہ اورخیرکے مراکز ہیں،حکومت ان کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی بجائے سہولیات دیکرسرپرستی کرے۔نظام مصطفی ہی عوام کو مسائل سے نجات اورملکی ترقی کا ضامن ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے قباء آڈیٹوریم میں مہتممین مدارس کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا، صوبائی نائب قیم مولانا آفتاب ملک بھی ساتھ موجود تھے۔انہوں نے مزیدکہاکہ قرآن وسنت سے منہ موڑنے کی وجہ سے آج پاکستان سمیت پوری امت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔کمرتوڑمہنگائی،معاشی بدحالی وبے برکتی سودی نظام کا نتیجہ ہے۔سالانہ بجٹ کا زیادہ ترحصہ قرضوں کی واپسی اورسود میں چلاجاتا ہے۔ سودی نظام اورکرپٹ ومفادپرست ٹولے سے نجات کے بغیرملکی ترقی اور قوم مسائل سے نجات حاصل نہیں کرسکتی۔