کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کراچی میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان، شام میں پیجرز اور واکی ٹاکی کے ذریعے اسرائیلی حملے امت مسلمہ کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،جو عیاشیوں میں مصروف ہیں اور انھیں امت کا درد محسوس نہیں ہو رہا۔ صہیونی ریاست اسلامی ممالک کے تمام اندرونی معلومات حاصل کر رہی ہے اور مغربی ممالک کی حمایت سے ان پر حملہ آور ہے۔
اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ کم از کم حماس سے ہی سبق سیکھ لیں جو وسائل کے نہ ہوتے ہوئے بھی تمام صہیونی ہتھکنڈوں کا گزشتہ ایک برس سے مقابلہ کر رہی ہے۔ اسلامی ممالک کی حکومتیں اگر حماس کی سرپرستی کریں تو اسرائیلی ریاست صرف ایک مہینہ میں ڈھیر ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے۔ یہ پارٹیاں اپنے معاملات میں مگن ہیں اور خاموشی سے بچوں کو مرتا دیکھ رہی ہیں۔ پاکستانیوں کو اس خاموشی کا نوٹس لینا چاہیے۔