غزہ(صباح نیوز)غزہ سٹی میں اسرائیلی بمباری سے خاتون اور بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں اب تک 19 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جبکہ بین الاقوامی اداروں کا جنگ بندی مطالبہ بھی نہیں سنا جارہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے اداروں، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، انروا، نے انسدادِ پولیو مہم کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد جنگ بندی کے ایک اور مرحلے کا مطالبہ کر دیا۔
اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا ہے کہ غزہ کی جنگ میں توقف انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے مرحلے کے لیے ضروری ہے۔ غزہ میں 12 روز جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے دوران تقریبا 5 لاکھ 60 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔خیال رہے کہ حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے میں 1,205 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تعداد شہریوں کی ہے جبکہ اس کے بدلے میں اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی غزہ میں شہید جبکہ 95 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔