کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کیاجارہاہے۔ غلام محمد صفی


جنیوا:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ مقبوضہ  جموں وکشمیر  میں سیاسی اختلاف رائے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کیاجارہاہے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس  میں ورلڈ مسلم کانگریس کی جانب سے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، دوران حراست تشدد اورجبری گرفتاریوں کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی اختلاف رائے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کیاجارہاہے۔

یونائیٹڈ ویلجز کی نمائندگی کرتے ہوئے راجہ سجاد لطیف نے مقبوضہ علاقے میں کشمیری سیاسی رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ آج بھی بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں سیاسی رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں سمیت5ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری قید ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت جیلوں میں قید کرنے کے علاوہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے انکی جائیدادیں بھی ضبط کر رہی ہے۔انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کی طرف سے شمیم شال نے مقبوضہ کشمیرمیںا نسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی رپورٹوںمیں نظر انداز کئے جانے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ہائی کمشنر کے دفتر کی طرف سے دو رپورٹیں اور خصوصی نمائندوں کے کم از کم دو درجن سے زائد رابطے کئے گئے ہیں تاہم ان میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، ماورائے عدالت قتل ، انٹرنیٹ کی بندش، انسانی حقوق کے علمبرداروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کونظرانداز کیاگیاہے۔انٹرنیشنل ایکشن فار پیس اینڈ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے صدر سردار امجد یوسف نے اس موقع پر انسانی حقوق کے معروف کارکنوں خرم پرویز اور عرفان معراج کی غیر قانونی نظربندی کی مذمت کی ۔کشمیری وفد نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیشن مقبوضہ علاقے بھیجنے کا مطالبہ کیا