سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیر پرسن
فریدہ بہن جی نے قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم وفات پر شاندا ر الفاظ میں خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محمد علی جناح کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستانی ایک آزاد قوم ہیں،پاکستان دوقومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور یہی نظریہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بھی بنیاد فراہم کرتا ہے ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں حریت رہنما نے کہا کہ قائداعظم ایک تاریخ ساز شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی خاطر ایک علیحدہ وطن کیلئے جدوجہد کی ۔ فریدہ بہن جی نے کہاکہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ قائد اعظم حق پر تھے اور ان کی انتھک جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی شکل میں ایک علیحدہ وطن فراہم کیا۔
فریدہ بہن جی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں خاص طور پر مسلمان غیر محفوظ ہیں اوربھارت نے روز اول سے نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ بھارتی ریاستوں میں بھی مسلمانوں اور دیگر اقلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روارکھا ہے ۔ سینئر حریت رہنما نے کہا کہ کشمیر یوں کی تحریک آزادی تحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے اور جموں وکشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا اورکہاتھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے د ل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیربنے گا پاکستان ہر کشمیری کی آواز ہے ،چیر پرسن ماس موومنٹ نے کہاکہ کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ تھے اور انہوں نے قیام پاکستان کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان سے بے پناہ محبت ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اسی وقت مکمل ہو گا جب کشمیر بھارت کی غلامی سے آزاد ہو کر اس کا حصہ بنے گا۔ ۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ الحاق پاکستان کشمیریوں کا مقدر ہے اور کشمیری عوام پاکستان کی تکمیل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ پاکستان نہ صرف کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا بلکہ تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو بھی تیز کرے گا۔ فریدہ بہن جی نے برسی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے بلنددرجات اور کشمیر کی آزادی کے لئے بھی دعا کی۔