اسلام آباد (صباح نیوز)صدرآصف علی زرداری وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے “اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے اصولوں کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے،ایک ایسے پاکستان کے حصول کے عہد کی تجدید کرتے ہیںجہاں امن و انصاف ہو ہر شہری کو ترقی کا یکساں موقع ملے ۔ ان خیا لات کا اظہار صدر وزیر اعظم نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 76ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ہے ۔صدرمملکت نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے ان کی کاوشوں اور کردار کے ممنون ہیں۔ قائد اعظم نے ایک ایسے وطن کیلئے جدوجہد کی جہاں مسلمان باوقار زندگی بسر کریں اور اپنے سیاسی، ثقافتی اور مذہبی حقوق کا استعمال کر سکیں،وہ ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا۔
صدر نے کہا کہ پوری قوم حق خود ارادیت کیلئے قائد کی انتھک جدوجہد اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ قائد اعظم نے اپنی انتھک جدوجہد کی بدولت کروڑوں مسلمانوں کی تقدیر بدل دی۔ پاکستان کے لیے قائداعظم کا وژن بنیادی طور پر جمہوری تھا اور وہ ایک ایسی ریاست کے خواہاں تھے جہاں تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہوں گے۔ قائد اعظم کی جدوجہد نے نہ صرف پاکستان کے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی بلکہ وہ آج بھی پارلیمانی جمہوریت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ قائداعظم نے ہندوستان کے پیچیدہ سیاسی منظر نامے میں ہندوستان کے مسلمانوں کی کامیابی سے رہنمائی کی اور مسلمانوں کے حقوق کے بارے میں اپنے غیر متزلزل موقف کو برقرار رکھا۔ انکی مضبوط قوت ارادی، محنت اور مسلمانوں کی کامیاب وکالت کی بدولت ہی ہندوستان کی تقسیم ایک حقیقت بنی۔ آج کے دن، ہم نہ صرف ان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں بلکہ قائد کی اقدار اور نظریات کے لیے خود کو وقف کرتے ہیں۔ قائدِ اعظم جمہوریت اور سماجی و اقتصادی انصاف کے اسلامی اصولوں پر مبنی پاکستان کے خواہاں تھے۔ ہمیں اپنے ملک کی ترقی کے لیے “اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے اصولوں کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کرکے ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ مجھ سمیت آج پوری قوم بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کا 76واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منارہی ہے۔اقوام عالم کی تاریخ کے اوراق میں قائداعظم محمد علی جناح کا نام ہمیشہ ایک صاحب بصیرت اور نامور سیاستدان کے طور پر درج کیا جائے گا۔
انہوں نے مسلمانانِ برصغیر کے لیے آزادی کی تحریک کی ایسی بے مثال اور بہترین قیادت کی کہ رہتی دنیا تک اس خطے کے مسلمانوں کیلئے دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست قائم ہوئی۔ تحریک آزادیِ پاکستان، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے قائد اعظم کی غیر متزلزل وابستگی کی عکاسی کرتی ہے. اس تحریک کی کامیابی اور ایک آزاد و خودمختار پاکستان کا قیام بابائے قوم کی سیاسی سوچ کی وسعت اور دور اندیش قیادت کا عملی ثبوت ہے۔جمہوریت، سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں کے لیے ان کی انتھک جدوجہد نے ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھی جہاں متنوع ثقافتوں کے باوجود ہر شہری کو یکسان ترقی کے مواقع میسر ہوں۔ قائد اعظم کا اتحاد اور ایمان کے دیرینہ اصولوں پر زور ہمارے معاشرے کے تانے بانے میں گہرائی سے گونجتا ہے، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی طاقت اس کے حسین ثقافتی تضادات اور جامعیت میں پنہاں ہے۔آج کے دن ہم قائد اعظم کے تفویض کردہ سنہری اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے، قائد کے پاکستان کے حصول کیلئے ان کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ ہمیں اپنی نظریاتی اساس کو ذہن میں رکھتے ہوئے عصری چیلنجز کو ایک عظیم قوم کی طرح مسخر کرنا ہے. قائداعظم کو یاد کرتے ہوئے ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے حوالے سے اپنے فرائض کو بھی یاد رکھنا ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں میں دیانت، محنت اور حب الوطنی کی وہ اقدار پیدا کریں جن کا قائد اعظم عملی نمونہ تھے۔آج، ہم ایک ایسے پاکستان کے حصول کے لیے انتھک محنت کرنے کے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں جو ہمارے بانی کے نظریات کو عملی جامہ پہناتا ہے ایک ایسی قوم جہاں امن و انصاف ہو اور ہر شہری کو ترقی کا یکساں موقع ملے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم لیڈر اور ذہانت و فراصت کے عظیم پیکر تھے ۔ محمد علی جناح نے اپنے اعلی کردار ، مستقل مزاجی اور جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے علیحدہ ملک کیلئے جدوجہد شروع کی اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کے قیام کوعملی جامہ پہنایا ۔ قیام پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ پوری قوم بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور تا دم ان کی احسان مند رہے گی ۔ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے ۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے، ان پر قابو پانے کاواحد راستہ قانون اور آئین پر من وعن عمل درآمد ہے۔ ہمیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری رویوں کو پروان چڑھا نا ہوگا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہم سب کو قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش چیلنجرز سے نکالا جا سکتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 76 ویں برسی کے موقع پر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح کی بصریت ، قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ قائد اعظم کی مدبرانہ، اصول پسند اور دور اندیش قیادت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جدو جہد ایک ایسی فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق، معاشی و سماجی انصاف حاصل ہو اور وہ اپنے رسم و رواج اور عقائد کے مطابق مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔ اسپیکر نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی اصول پسندی، جدو جہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی.
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ایسی ریاست کی قیام کا خواب دیکھا تھا جہاں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نا ہو۔ اسپیکر نے قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو جن چینلنجز کا سامنا ہے انہیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک خدا داد پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت اور جدو جہد کریں۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے اللہ تعالی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی اور انکے بتائے ہوئے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔