لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف شیخوپورہ کے نواحی علاقے راوی سفائر بے پہنچ گئے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور محمد نوازشریف نے ریور ٹریننگ ورکس اینڈ بیراج سائٹ کا دورہ کیا اور سفائر بے پر ہونے والے تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور محمد نواز شریف نے کوفرڈیم سائٹ کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے عام لوگوں سے زبردستی زمینیں لینے کی عوامی شکایت پر اظہار ناپسندیدگی کیا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیا ۔
راوی ریور سٹی پراجیکٹ کے لئے دنیا کے بہترین پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے اور روڈا پراجیکٹ میں بہترین تعمیر اتی معیار یقینی بنا نے کی ہدایت کی۔ تعمیر اتی معیار کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نوازشریف کو ریور ٹریننگ ورک ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سی ای او ”روڈا” عمران امین نے پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلات سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریا راوی کے دونوں اطراف تین فیز میں 46 کلومیٹر چینلائزیشن کی جائے گی۔ روڈا پراجیکٹ میں 36 فیصد ایریا جنگلات اور سرسبز کے لئے مختص ہوگا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سائفن تا ہڈیارہ ڈرین 46 کلومیٹر طویل تین رویہ سڑک بنائی جائے گی۔ راوی ریور فرنٹ پرا جیکٹ میں تین بیراج بھی بنائے جائیں گے۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہاؤسنگ اسداللہ خان، کمشنر زید بن مقصود، روڈا حکام بھی موجود تھے