مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے زیر انتظام آزاد کشمیر انٹرورسٹی بیڈمنٹن بوائز اور کرکٹ گرلز چمپیئن شپ کے مقابلے کل سے جامعہ کشمیر کے چہلہ اور کنگ عبداللہ کیمپس میں شروع ہورہے ہیں۔جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے پیرکے روز جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق دوروزہ کھیلوں کے مقابلے 11ستمبر 2024 تک جاری رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر انٹرورسٹی بیڈمنٹن بوائز اور کرکٹ گرلز چمپیئن شپ میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ)، یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز کوٹلی،
پونچھ یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنسز اور یونیورسٹی آف آزاد جموں کشمیر مظفراباد کی بیڈمنٹن اور کرکٹ ٹیمیں شرکت کریں گی ایونٹ دو دن تک جاری رہے گا جس کی اختتامی تقریب 11ستمبر 2024بروز بدھ ایجوکیشن ہال چہلہ میں منعقد ہوگی ایونٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر آزاد جموں کشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی ہوں گے۔ڈائریکٹر سپورٹس نگہت ناز گیلانی کے مطابق جامعہ کشمیر میں کھیلوں کے ان مقابلہ جات کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور دیگر جامعات سے آنے والے کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔