اسلام آباد (صباح نیوز)تحریک انصاف کے جاری جلسہ کے دوران اسلام آباد کی چنگی نمبر 26 پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوگیا۔ سنگجانی مویشی منڈی میں جلسے کا انعقاد کیا گیا ۔ تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی جہاں کارکنوں کی جانب سے مبینہ طور پر پولیس پتھراؤشروع کردیا گیا جس پر 26نمبر چونگی کے اس مقام پر پولیس نے شیلنگ شروع کر دی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹیشعیب خان سمیت اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے لیکن مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں جلسہ میں جانے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا جبکہ کچھ افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد 26 نمبر چونگی پر حالات کشیدہ ہیں جبکہ حالات خراب ہونے پر مزید نفری بھی طلب کرلی گئی۔ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مبینہ طور پر جلسہ گاہ کے لیے طے کردہ روٹس کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے پولیس نے انہیں جلسے میں جانے سے روکا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے اسلام آباد میں جلسے کے شرکا اور پولیس کے تصادم کا نوٹس لے لیا۔وزیرداخلہ نے زخمی ایس ایس پی شعیب خان کو ٹیلی فون کر کے خیریت پوچھی اور زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔دوسری طرف مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کارکنوں پر بدترین شیلنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک بار پھر نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو جلسہ سے دور رکھا گیا، ہزاروں کارکنوں کو تکلیف مبتلا کیا گیا اور اگر انتظامیہ کو وقت کی فکر ہوتی تو راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی۔
محمد علی سیف نے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھرا ؤکی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ جعلی حکومت کے اس ظلم کو یاد رکھے گی۔