لاہور (صباح نیوز) مینار پاکستان پر جمیعت علماء اسلام ف پاکستان کے زیر اہتمام آئینی طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے پچاس سال مکمل ہونے پر عظیم الشان تاریخی ” ختم نبوت کانفرنس ” منعقد ہوئی اور اسے یوم الفتح کے طور پر منایا گیا ۔ ملک بھر سے قافلے کانفرنس میں شریک ہوئے ۔ ہزاروں کی تعداد میں جے یو آئی کے سالاروں نے سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال رکھے تھے عوامی سمندر مینار پاکستان پر امڈ آیا تھا ۔
جگہ کم پڑنے پر لوگ قریبی عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ گئے اور جلسہ کی کارروائی کو سنا ۔ یوم الفتح کے موقع پر شرکاء کانفرنس نے قادیانیوں کو آئینی اور قانونی طور پر غیر مسلم قرار دینے کے قانون کی منظوری میں کردار ادا کرنے والے ارکان اور دیگر کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ تاریخی اور عظیم الشان ” کانفرنس ” سے جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا ۔