پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی کے لاپتہ دونوں بھائی گھرپہنچ گئے


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی تصدیق کی ہے کہ ان کے لاپتا دونوں بھائی پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور مشوانی گھر پہنچ گئے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے کہا کہ میرے دونوں بھائیوں پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور مشوانی کو   ریلیز کر دیا گیا، ان معصوم شہریوں کو 6 جون سے 6 ستمبر تک یعنی 92 دن اغوا رکھا گیا۔پی ٹی آئی کے رہنما اظہر مشوانی نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ اللہ پاک تمام جبری گمشدہ افراد کو جلد از جلد ان کے اہل خانہ سے باحفاظت واپس ملوائیں، تمام پاکستانیوں خصوصا ہمارے وکلا، رپورٹرز، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور انصاف فینز کی محنت اور دعاؤں کے ہم شکرگزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز علی رضوی کا بھی تہہ دل سے شکریہ جنہوں نے کیس کو غیرضروری التوا میں نہیں ڈالا اور میرٹس پر قانون کے تحت چلایا۔