ایف اے کی جعلی سند: جنرل(ر) باجوہ کے بھائی کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑ گئے

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمرجاوید باجوہ کے بھائی اقبال جاوید باجوہ سرکاری ملازمت سے مستعفی ہوگئے۔سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے بھائی کو ایف اے کے جعلی سرٹیفیکٹ کے الزام پر تحقیقات کا سامنا تھا۔برمنگھم میں تعینات پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن مینجراقبال جاوید باجوہ کی ملازمت ختم کردی گئی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور بورڈ سے ایف اے کا سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہونے پر اقبال جاوید باجوہ کو مستعفی ہونے کو کہا گیا تھا۔

جس کے بعد ہی جنرل باجوہ کے بھائی اقبال جاوید باجودہ نے جو برطانیہ میں پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، ملازمت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔اقبال باجوہ کو 30جولائی کو پی آئی اے کے فنانس مینجر برمنگھم کے ذریعے شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق اقبال جاوید باجوہ نے 1977 میں پی آئی اے راولپنڈی آفس میں ملازمت حاصل کی۔ اقبال جاوید باجوہ نے 1980 کی دہائی کے آخر میں برطانیہ کی شہریت  لی۔انہوں نے برطانیہ کی شہریت لیتے ہی پی آئی اے میں اپنی ملازمت برطانوی شہری کی حیثیت سے تبدیل کروالی تھی۔واضح رہے کہ اقبال جاوید باجوہ سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمرجاوید باجوہ کے بھائی ہیں۔