مولانا فضل الرحمان کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کوخط، سودی نظام ختم کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف مختلف بنکوں کی اپیل جلد نمٹانے کی درخواست

اسلام آباد (صباح نیوز)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو خط  لکھتے ہوئے وفاقی شرعی عدالت کے سودی نظام ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف  مختلف بنکوں کی اپیلوں کو جلد نمٹانے کی اپیل کردی ۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے گذشتہ سال کے فیصلے میں مالیاتی نظام کو پانچ سال کے اندر سود سے  پاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے، فیصلے کے خلاف مختلف بنکوں کی دائر اپیلوں کو جلد نمٹایا جائے ، تاکہ حکومت سود سے پاک مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل کے لئے اقدامات اٹھائے ۔ مولانا فضل الرحمان نے  خط میں یہ بھی کہا ہے کہ ختم نبوتۖ کے حوالے سے(چیف جسٹس) آپ کا آخری مختصر فیصلہ لائق تحسین ہے ۔ فیصلہ جلدی جاری کرنے سے مسلمانان پاکستان پوری طرح مطمئن ہوجائیں گے  ۔