اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے الیکشن ملتوی کر دیئے ۔الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی منظوری کے بعد انتخابات ملتوی کیے گئے ،الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کے بعد شیڈول نوٹیفکیشن تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے۔ ترمیمی بل کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسلزوارڈزکی تعداد بڑھائی گئی،یاد رہے کہ اسلام آبادکیپٹل ٹریری لوکل باڈی ترمیمی ایکٹ30اگست کومنظورہواتھا ۔

خیال رہےکہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 9 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہیکہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی 5 سالہ مدت فروری 2021 میں مکمل ہوگئی تھی اور قانون کے مطابق 3 ماہ میں انتخابات ہونے تھے۔27 اگست کو اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل2024 قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔بل کے تحت قومی اسمبلی نے اسلام آباد بلدیاتی ایکٹ 2024کی بھی منظوری دے دی جس کے بعد اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھ گئی۔

قومی اسمبلی سے منظور بل کے تحت ہر یونین کونسل 15 ممبران پر مشتمل ہوگی، یونین کونسل چیئرمین وائس چیئرمین،9جنرل ممبران کیعلاوہ خاتون ،نوجوان،اقلیت اور ٹیکنوکریٹ یا مزدور ممبران پر مشتمل ہوگی۔بل کے تحت چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب براہ راست نہیں ہوگا، ہر یونین میں 9جنرل ممبران کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا جبکہ یونین کونسل سطح پر ووٹرز جنرل ممبران منتخب کریں گے ۔بل کے تحت ہر یونین کونسل سطح پر 9 منتخب جنرل ممبران خفیہ رائے شماری کے ذریعے خاتون، اقلیت، نوجوان اور ٹیکنوکریٹ یا مزدور کی نشست کے اراکین کا چناو کریں گے، جبکہ یونین کونسل کے منتخب جنرل ممبران اور مخصوص نشستوں کیارکان چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔۔