قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ایکسکویٹر ڈرائیور کا وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پراستقبال


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  نے قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو اپنی جان کی پراوہ کئے بغیر بچانے والے ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کا وزیرِ اعظم ہاؤس میں استقبال کیا گیا ،وزیرِ اعظم نے محب اللہ کی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے اپنی جان کی پراوہ نہ کرنے کے جذبے کی پذیرائی کی  ۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے ،آپ کے انسانیت سے محبت کے جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں،آپ قوم کے ہیروہ ہیں، آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر انسانی جانوں کو بچانابہادری کا کام ہے ،آپ نے مصیبت میں گھرے لوگوں کو بچا کر قومی فریضہ ادا کیا ۔

محب اللہ کی بہادری کے اعتراف میں وزیرِ اعظم نے حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں 25 لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا ۔وزیرِ اعظم نے محب اللہ کے بچوں کیلئے یونیورسٹی تک کی تعلیم مفت اور انکے خاندان کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے محب اللہ نے کہا کہ  میرے لئے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں ملک کے وزیرِ اعظم سے ملاقات کر رہا ہوں،کبھی سوچا نہ تھا کہ میری ملک کے وزیرِ اعظم نے ملاقات ہو گی،لوگوں کی جانیں بچاتے وقت قطعا نہیں سوچا تھا کہ یہ بات پورے ملک میں مشہور ہو جائے گی،وزیرِ اعظم اور حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اقدام کی پذیرائی کی اور میرے لئے اپنا قیمتی وقت نکالا۔

انہوں نے کہاکہ وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر وزیرِ اعظم کی جانب سے اتنی عزت ملنے پر دل سے مشکور ہوں ،ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئر مین  وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔