اسلام آباد (صباح نیوز)گرفتار دہشتگرد روح اللہ نے کہا ہے کہ ایک سال سے افغان صوبے دانگام کے گاں طورطم کے مدرسہ ترتیل القرآن میں طالب تھا، یہ مدرسہ خودکش بم دھماکوں کی تربیت دیتا تھا،میں نے خودکش بمبار بننے کی تربیت لی ۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کئے گئےویڈیو بیان میں خودکش بمبار روح اللہ نے کہا ہے کہ میں نے بھی 10 روز تک خودکش بم بار بننے کی تربیت حاصل کی، مدرسے میں مولوی صبغت اللہ کے ساتھ فاروق اور ذاکر خودکش بم دھماکوں کی تربیت دیتے ہیں۔دہشت گرد روح اللہ نے کہا کہ روانگی سے 2 روز قبل انجکشن لگائے جاتے تھے، اس کے بعد معلوم نہیں ہوتا تھا کہ آس پاس کیا ہو رہا ہے، ٹریننگ کے بعد سبز رنگ کی گاڑی میں ہم 4 ساتھی ضلع ناری کے گائوں باتش کی طرف روانہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں ہم نے رات گزاری اور پھر افغان بارڈر کی جانب سفر کیا، ایک مقام پر پہنچ کر ہمیں سرحد پار کرانے کے لئے سہولت کار جواد کے حوالے کر دیا گیا، جواد نے بارڈر پار کرانے کے بعد ہمیں سجاد کے حوالے کر دیا۔ دہشت گرد روح اللہ نے کہا کہ سجاد نے 2 خود کش بم باروں ساجد اور عابد کو ہم سے الگ کر دیا، اس کے بعد سجاد مجھے مسجد لے گیا جہاں میں نے رات گزاری، اس نے مجھے ہدایت دی کہ میں سلیمان سے ایک پل پر مل لوں۔گرفتار دہشتگرد روح اللہ نے کہا کہ ایک گھنٹے کا سفر کر کے سرنگ پر جا پہنچے، پھر میں اور سلیمان الگ ہو گئے، مجھے کہا گیا کہ ٹرک میں سوار ہو جائو، ٹرک میں سوار ہوا تو سکیورٹی فورسز نے مجھے پکڑ لیا، سلیمان نے کہا تھا کہ جمیل خود کش جیکٹ دے گا اور بتائے گا کہ کنٹونمنٹ میں کیسے حملہ کرنا ہے۔