گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بیرسٹر اعتزاز احسن کی ملاقات


لاہور(صباح نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر چوہدری اعتزاز احسن نے ملاقات کی،جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاسی قیادت کو صوبائی حقوق کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں کوشاں ہوں ۔انہوں نے کہاکہ اعتزاز احسن جیسی جمہوریت اور اصول پسند قیادت ہمارے ملک کا اثاثہ ہے، پارٹی کی سینئرقیادت سے مشاورت اور رہنمائی ضروری ہے،مضبوط اور جمہوری لحاظ سے مستحکم وفاق بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا۔

بیرسٹر چوہدری اعتزاز احسن نے گورنر خیبرپختونخوا کے آئینی منصب پر فیصل کریم کنڈی کو تعیناتی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ وفاق کے ساتھ خیبرپختونخوا کے حقوق کے حصول کے لئے گورنر کے پی کا کردار لائق ستائش ہے ۔