موڈیز کا پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دینا حکومت کی درست معاشی پالیسیوں کااعتراف ہے، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موڈیز کا پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دینا حکومت کی درست معاشی پالیسیوں کااعتراف ہے۔بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی معیشت اور سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ ہونے پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے کرم سے معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم نے ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، پاکستانی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، قومی مفادات کو ترجیح دینے سے مثبت اثرات نظر آرہے ہیں، امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی۔ معیشت کی بہتری کے لیے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دوست ممالک کا سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کاروبار دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے جب کہ سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد میں سست روی قبول نہیں۔واضح رہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے آوٹ لک مستحکم سے مثبت کردیا، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے 3 سے سی اے اے 2 کر دی۔