بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال


 اسلام آباد(صباح نیوز) بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔

ہڑتال کے باعث کچھ علاقوں میں سکولز بھی بند کردئیے گئے ۔ اسلام آباد میں احتجاج کے خدشے کے باعث ریڈ زون کے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کردیا گیا ہے۔اسلام آباد کے مختلف کاروباری مراکز میں تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ آبپارہ مرکز، جی نائن کراچی کمپنی سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہیں۔

کراچی کے علاقے شیر شاہ اور مومن آباد میں مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج کیا جنہوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کئے گئے ہیں، احتجاج کے سبب علاقے میں دکانیں بند ہیں۔سندھ کے بدین سمیت گولارچی ٹنڈو باگو ماتلی تلہار میں بھی کاروباری مراکز بند ہیں۔

پشاور میں بھی تاجروں کی جانب سے مختلف بازار بند رکھے گئے ہیں۔راولپنڈی میں بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کی ہڑتال ہے۔ بڑے تجارتی مراکز ،شاپنگ مالز، مارکیٹس، ہول سیل، آڑھت منڈیاں بھی بند ہیں تاہم بیکرز ،سویٹس کریانہ میڈیکل سٹورز اور پیٹرول پمپ م کھلے ہیں۔  بڑے تجارتی مراکز میں کریانہ کی تمام بڑی شاپس مکمل بند ہیں۔ مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

ملتان ،لاہور ،کوئٹہ ،گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، گجرات ، سرگودھا، بہاولپور ، ساہیوال ،ہرنائی ،مالاکنڈ ڈویژن ، اندرون سندھ اور ملک کے دیگر بڑے اور چھوٹے شہروں میں بھی ہڑتال ہے۔