عوام کو اپنے حق کیلئے اٹھنا ہو گا، آئی پی پیز عوام کا خون چوس رہے ہیں،غلام سرورخان


 ٹیکسلا (صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حق کے لئے اٹھنا ہو گا ، جماعت اسلامی نے عوام کے حق کے لئے دھرنا دیا ، آئی پی پیز عوام کا خون چوس رہے ہیں ، جب تک ہم ایک قوم نہیں بنیں گے حالات بہتر نہیں ہوں گے ، بجلی بل عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں ، حلقے کی عوام اور اپنے دوستوں کے لئے جو بہتر لگا وہ فیصلہ کیا ، عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا ، آنا جانا لگا رہتا ہے ہم نے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں، سیاسی شخصیات سے رابطے کبھی ختم نہیں ہوتے۔

سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ڈھبیاں میں عمائدین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی حالات کی بہتری کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے اس وقت عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں غلط فیصلے سیاسی و معاشی بدتری کا باعث ہو سکتے ہیں بجلی بل عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا لوگ گھر کے سامان بیچ کر بل جمع کروانے پر مجبور ہیں کئی جگہ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں عوام کے حالات انتہائی بدتر ہو چکے ہیں عوام موجود سسٹم سے ناامید ہوتے جا رہے ہیں اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی منصور حیات خان ، سابق چیئرمین ملک سہیل عمران ، ملک زبیر ، سید واجد حسین شاہ ، سید طاہر حیدر شاہ ، لالہ اورنگزیب ، ڈاکٹر امجد شریف ، سلیم بٹ و دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں

غلام سرور خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کے حق کے لئے دھرنا دیا عوام کی آواز جماعت اسلامی نے بلند کی جو لائق تحسین ہے یہاں عوام اپنے حق کے لئے نہیں نکلتے ہمیں اسی طرح ایک قوم بننا ہو گا جیسے 1906 میں مسلم لیگ کی بنیاد رکھ کر جدوجہد کے ذریعے پاکستان بنایا تھا انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت برداشت ختم ہو چکی ہے اگر اس وقت بھی سنجیدگی نہ دکھائی گئی تو مسائل بڑھیں گے غلام سرور خان نے کہا کہ میں نے اپنے حلقے کی عوام اور اپنے دوستوں کے لئے جو بہتر لگا وہی فیصلہ کیا ہم نے عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا مگر یہ فارم 47 والے عوام سے منہ چھپاتے پھرتے ہیں ان میں اخلاقی جرات نہیں کہ وہ بھی اپنی شکست تسلیم کریں چھوڑ کر جانے والے دوستوں سے متعلق سوال پر غلام سرور خان نے مسکرا کر جواب دیا کہ میرے لئے سب قابل احترام ہیں آنا جانا لگا رہتا ہے ہم نے کبھی اپنے دروازے بند نہیں کئے ہمیشہ کھلے رکھے پی ٹی آئی سے سیاسی رابطوں سے متعلق سوال پر غلام سرور خان نے کہا کہ سیاسی لوگوں کے کبھی آپس میں رابطے ختم نہیں ہوتے۔