تاجر 28اگست کی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کو ہر صورت کامیاب کریں، نصر اللہ رندھاوا


اسلام آباد (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے اسلام آباد کی عوام اور بالخصوص تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ 28اگست کی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کو ہر صورت کامیاب کریں،جماعت اسلامی نے 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑا ہے،مہنگی بجلی،ظالمانہ ٹیکسز اور آئی پی پیز سے چھٹکارا ہی ملک میں عام آدمی کی خوشحالی کی ضمانت ہے

انھوں نے کہا  جماعت اسلامی بجلی ٹیرف، ٹیکسز اور حکمرانوں کی مراعات میں کمی کے موقف پر جدوجہد کر رہی ہے،بڑے ایجنڈے کے ساتھ ملک گیر تحریک بھی برپا کریں گے، وفاق بجلی کے یکساں اور اصولی ٹیرف کو ملک بھر میں لاگو کرے، آئی پی پیز کے کیپسٹی چارجز ختم کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنڈ بیگوال کے دورے کے موقع پر ارکان، کارکنان اور معززین علاقہ سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔نصراللہ رندھاوا نے کہا نے حکومت تاجروں میں تقسیم ڈالنے کی کوششیں کر رہی ہے، تاجر کمیونٹی حکمرانوں کے فریب میں نہ آئے، ہڑتال پر تاجر تنظیموں پر تقسیم پیدا ہو گئی تو پوری قوم کا نقصان ہو گا، ملک گیر ہڑتال کے لئے تاجر تنظیموں نے بھی کال دی ہے، واضح کردوں ہمارے درمیان کوئی تقسیم نہیں، تاجر متحد ہیں، جماعت اسلامی تاجر تنظیموں سے رابطہ میں ہے، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے درمیان اتحاد برقرار رکھیں اور تقسیم کی حکومتی سازشوں سے باخبر رہیں، انہیں کامیاب نہ ہونے دیں۔