پشین (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس لائن کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کی زد میں آکر 2 بچے جاں بحق اور 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق پشین میں دھماکا پولیس لائن کے قریب بازار میں ہوا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے قریب کھڑی ایک گاڑی مکمل تباہ ہوگئی اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھما کے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا،اموات میں اضافے کا خدشہ ہے ۔مقامی پولیس کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق 2 بچوں ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے پشین اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا افسوس ہے۔ سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم کے مقاصد کے حصول کے لیے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پشین بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔