ایران بس حادثے میں جاں بحق 28 پاکستانی زائرین آبائی علاقوں میں سپرد خاک


کراچی (صباح نیوز)ایران کے شہر یزد میں بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہدا کی لاشیں وطن واپس پہنچائی گئیں اور انہیں ان کے آبائی شہروں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں شیعہ علماکونسل کے رہنمائوں ،جاںبحق افراد کے لواحقین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جاں بحق افراد میں سے 10 کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ، 6 کا کشمور، 4 کا خیرپور، 3 کا قمبر شہداد کوٹ، 2 کا جامشورو، 2 کا تعلق کراچی اور ایک کا دادو سے ہے۔اس المناک حادثے کے بعد پاکستانی حکومت نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ۔