اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ہوائی اڈوں پر مسافروں، سیاحوں اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے،سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو بہترین سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت شعبہ ہوا بازی کی اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر مسافروں، سیاحوں اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے،بین الاقوامی پروازوں کے وقت مسافروں کو لمبے انتظار سے بچانے کیلئے ان اوقات میں زیادہ کائونٹرز آپریٹ کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہوابازی شعبے کا اس برس کا سیفٹی آڈٹ جلد مکمل کیا جائے،گزشتہ دور حکومت میں ہوا بازی شعبے کی اصلاحات کیلئے ایوی ایشن ایکٹ منظور کرایا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایوی ایشن ایکٹ کے تحت تمام پالیسی اقدامات و اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے،سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو بہترین سہولیات یقینی بنائی جائیں،سکردو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور گلگت ایئر پورٹ کی توسیع کے حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے اصلاحات کی بدولت پاکستان کا شعبہ ہوا بازی درست سمت کی طرف گامزن ہے،آٹومیٹڈ بارڈر کنٹرول سسٹم کے تحت خود کار امیگریشن گیٹس کی تنصیب سے مسافروں کو مزید سہولت ہوگی۔اجلاس کو شعبہ ہوا بازی کی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ وزیرِ اعظم کی زیرِ قیادت گزشتہ دور حکومت میں ایوی ایشن ایکٹ 2023 منظور ہوا،ایوی ایشن ایکٹ کے تحت شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا نفاذ جاری ہے۔بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ایکٹ کے تحت ایئرپورٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کو علیحدہ کرکے آپریٹر اور ریگولیٹر کے فرائض کی احسن طریقے سے انجام دہی یقینی بنائی جا رہی ہے،تمام تر نئے منصوبوں و اقدامات کی تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن یقینی بنائی جا رہی ہے، لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے کانٹرز کی تعداد میں اضافہ اور انتظار گاہ میں توسیع کی گئی ہے۔بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ سکردو ایئرپورٹ کی توسیع کیلئے جلد فزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع ہو جائے گا،ہوائی اڈوں پر آٹومیٹڈ بارڈر کنٹرول کی تنصیب کیلئے اظہارِ دلچسپی موصول ہو چکے ہیں۔اجلاس کو ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولیات میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور پاکستان میں سیاحتی کیلئے ہوائی اڈوں پر نجی کمپنیوں کی پروازوں کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، اعظم نذیر تارڑ، عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔