اسلام آباد(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے یوتھ کنوونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آنکھوں کی چمک دیکھ کر یہ یقین ہو جاتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا قیمتی سرمایہ ہیں، کسی صورت پاکستان کا قیمتی سرمایہ ضائع نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ آزاد ریاست کی اہمیت لیبیا، شام، کشمیر اور غزہ کے عوام سے پوچھو، ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔
جو پاکستان کے ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قران کی آیت پڑھ کر سنائی، انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں مسلمانوں کو مایوس ہونے سے منع فرمایا ہے، ہمیں امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، زندگی امتحان کا نام ہے، کیا لوگ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑدیے جائیں گے ہم ایمان لائے اور آزمائش نہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام، حکومت فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام 22 سال سے دہشت گردی کے خلاف فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔