راولپنڈی (صباح نیوز) مرکزی نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن و چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجازاللہ خان نے کہاہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ ،ریجنل ٹیموں اور رضاکاروں کے ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طورپرتیارہے۔ریجن اور اضلاع کو ریسکیواور یلیف سے متعلق امداد ی سامان فراہم کردیا گیا ہے ۔ بلوچستان،گلگت بلتستان ،سندھ کے بارشوں اور سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔بعض علاقوں میں بارشوں کے بعد سیلاب کی صورتحال پیداہوئی توسیلاب میں پھنسے شہریوں کو ریسکیوکے بعد محفوظ مقامات پر پہنچایا گیااوران متاثرین کوتیارکھانا، فوڈ پیکج،ٹینٹ ،ترپال شیٹ ودیگرامدادی سامان فراہم کیا جارہا ہے ۔ متاثرین کومیڈیکل سہولیات کی فراہمی اور وبائی امراض سے بچانے کیلئے میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے جبکہ الخدمت موبائل ہیلتھ یونٹس کو بھی متحرک کیا گیا ہے ۔
ریلیف آپریشن کے جائز ہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اعجازاللہ خان نے کہاکہ چترال کے علاقوں بھمبریٹ،گولیان اورموری بالامیں الخدمت کے رضاکاروں نے 354افرادکو ریسکیوکرکے محفوظ مقامات پرپہنچایااورانھیں امدادی سامان بھی فراہم کیا بعدازاں مذکورہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے جن سے 480متاثرین سیلاب کوفری میڈیکل چیک اپ کے بعد ادویات فراہم کی گئیں ۔گلگت بلتستان کے علاقے استورمیں 50افرا د کو سیلاب سے ریسکیوکیا گیا بعدازاں متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا گیا جبکہ الخدمت کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ سے521افراد متاثرہ افراد مستفیدہوئے ۔بلوچستان کے علاقے زیارت اورقلعہ سیف اللہ میں بھی متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔سندھ کے متاثرہ علاقے سکرنڈمیں جاری امدادی سرگرمیوں میں 31رضاکاروں نے حصہ لیا جبکہ متاثرہ خاندانوں کوامدادی سامان فراہم کیاگیا۔اعجازاللہ خان نے کہاکہ پاکستان بھرکے اضلاع میں بارشوں او ر ممکنہ سیلاب کے پیش نظرمرکزی،ریجنل اور علاقائی سطح پر فلڈ ایمرجنسی سنٹرز کو ہنگامی صورتحال سے نمنٹے کیلئے الرٹ رکھاگیاہے ۔