کراچی (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب حکومت کو شعبہ صحت میں مدد کی پیش کش کردی ہم چاہتے ہیں لاہور میں بھی مفت علاج کی سہولت دستیاب ہو۔ اگلی بار جب وزیراعظم کراچی آئیں، تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں۔ ہم صوبہ پنجاب میں بھی ہم ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جناح اسپتال میں علاج معالجے کی جدید نئی سہولیات کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ 120 بستروں پر مشتمل ڈیپارٹمنٹ آف سائیکاٹری اینڈ بیہیویورل سائنسز ، 110 بستروں پر مشتمل ڈیپارٹمنٹ آف نیورولوجی اینڈ اسٹروک یونٹ، اور سائبر نائف S7-FIM کے افتتاح سے صوبے کی عوام کو معیاری و مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم ہونگی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بہترین ہسپتال سندھ میں ہیں،جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی، اور این آئی سی ایچ پاکستان کے بہترین ہسپتالوں کی نمائندگی کرتے ہیں، اسپتالوں کو صوبائی حکومت کی گڈ گورننس اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی کامیابی کا اعلی مثال قرار دیتے ہوئے کہا یہ اسپتال، 18ویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات کی منتقلی کے بعد صوبے کی جانب سے ادارے بہتر انداز میں چلانے کا بھی ثبوت ہیں۔ ویسے ہی آپ نے سنا ہوگا، سندھ حکومت کے بارے میں، کہ ہم کچھ نہیں کرتے، میگا پراجیکٹس نہیں کرتے۔ لیکن عمل، باتوں سے زیادہ نظر آتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے اختیارات کی منتقلی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پوری دنیا کا سب سے بڑا دل کے علاج کا اسپتال، این آئی سی وی ڈی، کی شکل میں بنایا، جبکہ این آئی سی ایچ کے ذریعے بچوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جا ر ہی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ جے پی ایم سی میں کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی سائبر نائف مشین دنیا میں گنتی کے چند ممالک میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک اِس مشین کے ذریعے ہونے والے علاج پر ایک ہزار ڈالرز سے زائد کا خرچہ آتا ہے، جبکہ جے پی ایم سی میں اِس مشین کے ذریعے علاج کی سہولت مفت ہے، اور ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رائل کالج آف ریڈیولاجی نے جے پی ایم سی کے کینسر کے علاج کے ڈیپارٹمنٹ کو دنیا کے ٹاپ ٹین کینسر کے علاج کے ڈیپارٹمنٹ میں شامل کیا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں صوبہ سندھ کے کاروباری طبقے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پورے ملک میں چیریٹی کے حوالے سے صف اول کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیگر صوبوں کے حکمران نجی اسپتالوں کو صحت کارڈز کے ذریعے منافع پہنچا کر خوش ہوتے ہیں، لیکن ہم صوبہ سندھ مین تب خوش ہوتے ہیں جب ہم عوام کو معیاری علاج کی سہولیات مفت دستیاب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج کے لیے درکار پیٹ سی ٹی اسکین کا مہنگا ٹیسٹ، سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں مفت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ صرف جے پی ایم سی میں کینسر کے ڈیپارٹمنٹ میں ملک بھر کے 167 شہروں سے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں اور 15 ممالک سے بھی شہری یہاں آتے ہیں۔بلاول بھٹو نے وزیر اعلی سندھ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگلی بار جب وزیراعظم کراچی آئیں، تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں۔ ہم وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ صوبہ پنجاب میں بھی ہم ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں، جبکہ بلوچستان میں ہم خود کوشش کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں لاہور میں بھی ایسے اسپتال بنیں اور لوگوں کو مفت علاج ملے۔”دریں اثنا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیشنٹ ایڈ فانڈیشن اور سندھ حکومت کے درمیان جناح اسپتال میں ریڈیشن اونکولوجی سیکشن کے حوالے سے دستخطی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔