باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، 3 جوان شہید

باجوڑ+راولپنڈی(صباح نیوز)باجوڑ میں خوارجیوں کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، آپریشن کے دوران 5دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خارجی دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا ہے  کہ خارجی دہشت گردوں نے 18 سے 19 اگست کی رات کو پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کو باجوڑ میں ناکام بنایا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خوارجیوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 بہادر جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔