اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام اباد میں 100 بستروں پر مشتمل جدید انٹرنیشنل ہسپتال بنے گا۔منصوبہ کا تخمینہ لاگت 5 ارب روپے ہے جو ترکیہ کی کمپنی فراہم کرے گی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ہسپتال نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اور ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا ۔ ترجمان وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا ہے کہ 100 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال کی تکمیل سے پولیس کے جوانوں اور عوام کو صحت کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی،تمام منصوبوں کی آمدن، شہدا اور پولیس کی ویلفیئر پر لگائی جا رہی ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا اور پولیس کی ویلفیئر کیلئے محنت اور لگن سے کام کیا جا رہا ہے،
انٹرنیشنل ہسپتال کا یہ منصوبہ این پی ایف کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، نیشنل پولیس فانڈیشن اور سی ڈی اے باہمی اشتراک سے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہے،شہدا اور پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے صوبوں میں بھی کام کیا جا رہا ہے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے حال ہی میں شہدا اور جوانوں کیلئے حیدرآباد میں بھی ایک منصوبے کو مکمل کیا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی کی تعمیر نو کی جارہی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس فانڈیشن نے اس ہسپتال کے لیے زمین فراہم کی ہے،ہسپتال کی تعمیر مکمل طور پر ترکیہ کی ایک نجی کمپنی کی طرف سے کی جا رہی ہے منصوبہ کا تخمینہ لاگت 5 ارب روپے ہے جو ترکیہ کی کمپنی فراہم کرے گی۔