لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے بڑے بھائی انصر شریف کے لیے جامع مسجد منصورہ لاہور میں اجتماعی دعائے مغفرت کی گئی ۔ انصر شریف 10اگست کو اللہ رب العزت کے حضور پیش ہوگئے۔ ان کے ایصال ثواب کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ کی جامع مسجد میں اجتماعی دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔
رہنماجماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے درس قرآن جبکہ شیخ الحدیث و القرآن مولانا عبدالمالک نے دعا کرائی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی ذمہ داران و کارکنان سمیت سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، سجاد میر، لطیف چودھری، سلمان غنی، میاں حبیب، میاں اشفاق انجم دیگر بھی شریک تھے۔اس موقع پر حافظ محمد ادریس نے فکر آخرت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی اقامت دین کی جدوجہد میں گزاری، وہ سراپا محبت تھے، ہر ذی شعور انسان کو موت کا مزا چکھنا ہے، اللہ ہم سب کو آخرت کی تیاری کی توفیق عطا فرمائے۔